ہم ٹی وی کے ڈرامہ -’-کتنی گرہیں باقی ہیں‘میں غیر شائستہ مواد نشر کرنے پر پیمرا کا ٹی وی چینل کو دس لاکھ روپے جرمانہ

0 69

اسلام آباد : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ہم ٹی وی کی ڈرامہ سیریز ’کتنی گرہیں باقی ہیں ‘ کی قسط ’چیونگم‘ میں غیر مناسب اور قابلِ اعتراض مواد نشر کرنے پر ٹی وی چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔جرمانہ کی رقم تین ہفتوں میں ادا کرنا ہوگی۔ مورخہ 29جنوری 2017 ء کو مذکورہ پروگرام میں قابلِ اعتراض مواد نشر کیا گیا جس کے خلاف پیمرا کو متعدد شکایات موصول ہوئیں اور اتھارٹی نے 20فروری 2017ء کو اظہار وجوہ کے ذریعے چینل انتظامیہ سے سات (07) یوم میں جواب طلب کیا ۔بعد ازاں چینل نمائندگان کا موقف سننے اور جواب کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ مذکورہ پروگرام میں الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کی گئی علاوہ ازیں چینل انتظامیہ نے سکرپٹ کے انتخاب میں بھی احتیاط نہیں برتی ۔ لہٰذا چینل انتظامیہ کو جرمانے کے علاوہ یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015کی خلاف ورزی سے بچنے کے لئے ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال کرے اور سکرپٹ کا انتخاب معاشرتی، سماجی اور اخلاقی قدروں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کیا جائے۔پیمرا حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی دفعات 20(f)اور پیمرا )ٹیلیویژن اینڈ براڈ کاسٹ آپریشنز)ریگولیشنز2012کی دفعہ 8(5)(a) اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015کی دفعہ 17کے تحت نگران کمیٹی کی تفصیلات پیمرا کو تین ہفتوں میں فراہم کی جائیں۔ خلاف ورزی پرپیمرا قوانین کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

Comments

Loading...