حکومت کو باعزت واپسی کا راستہ ملنا ناممکن ہے، مولابخش چانڈیو

0 45

حیدر آباد: 

پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ایک بحران ختم کرنے لئے دوسرا بحران کھڑا کردیتی ہے اب اس حکومت کو باعزت واپسی کا راستہ ملنا بھی مشکل ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آج کل ڈان لیکس اور پاناما کا بڑا چرچا ہے، پاناما لیکس پر ایسی جے آئی ٹی ہونی چاہئے جس پر عوام کو اعتماد ہو جب کہ ڈان لیکس کے معاملے پر وزیراعظم اپنے سیاسی جانشینوں کو بچانے کی کوشش میں معصوموں کو نشانہ بنانا رہے ہیں جو بارآور ثابت نہیں ہوگی،  وزیراعظم نیوز لیکس کے اصل کرداروں کو سامنے لائیں، پرویزرشید کے بعد طارق فاطمی کو بھی نکال دیا گیا وہ شریف آدمی ہیں انہوں نے جاتے ہی کہہ دیا کہ ان معاملات میں ان کا کوئی قصور نہیں۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت کی ساری پریشانیاں ایک دوسرے سے جڑی ہیں، حکمران ایک بحران کو ختم کرنے کے لیے دوسرا بحران کھڑا کرتے ہیں اور اس بحرانی حکومت کو اب باعزت واپسی کا راستہ ملنا بھی مشکل ہے، آصف زرداری نے کہہ دیا ہے کہ آپ کو جانا ہے تو پھر آپ جاکر ہی رہیں گے، حکمرانوں کو گھر جانے کی تیاری کرلینی چاہئے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی چئیرمین کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سیاسی عقل جاگنے والی ہے، پے در پے ناکامیوں کے جھٹکے انہیں سیاسی عقل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلیاں انگلی کے اشارے سے نہیں عوامی قوت سے آتی ہیں، وسیع تر سیاسی اتحاد ہی موجودہ حکومت کو ہلا سکتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

Comments

Loading...