پاکستان نے جمیکا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

0 51

کنگسٹن: 

پاکستان نے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے آخری روزمیزبان ٹیم 152 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لئے صرف 32 رنز کا ہدف ملا جو مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ گرین کیپس کی جانب سے اظہرعلی 1، احمد شہزاد اور یونس خان 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مصباح الحق 12 اور بابراعظم 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کے شینن گیبریل، الزاری جوزیف اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیل کے پانچویں روز پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 152 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوئی۔ پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو میزبان ٹیم نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 93 رنز سے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستانی بولرز میدان میں چھائے رہے اور شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیرن پاویل 49 اور شمرون ہیٹمیر 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کریگ بریتھ وٹ 14، دوندرا بشو 18، کپتان جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 6، محمد عباس 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ پہلی اننگز میں محمد عامر نے 6، یاسرشاہ نے 2، وہاب ریاض اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر یاسر شاہ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 286 اور دوسری میں 152 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے مصباح الحق کی 99 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

Comments

Loading...